38

کراچی؛ مسلح افراد نے گھرمیں سوئے شخص کوکھڑکی سے فائرنگ کرکے قتل کردیا

کراچی: کورنگی غریب نواز کالونی میں گھر میں سوئے ہوئے ٹھیلے پر پکوڑے فروخت کرنے والے شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ دوسری جانب نارتھ ناظم آباد ڈی سلواٹاؤن میں شادی کی تقریب میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔

منگل اوربدھ کی درمیانی شب  کورنگی تھانے کے علاقے سیکٹر 34/3 بنگالی کیمپ غریب نواز کالونی میں واقع مکان نمبر441 میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ مقتول کی شناخت 50 سالہ محمد انوار ولد یعقوب عمر کے نام سے کی گئی ۔ مقتول  ٹھیلے پر پکوڑے فروخت کرنے کا کام کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتول اپنے گھرمیں سو رہا تھا اور اسی دوران نامعلوم ملزمان نے گھرکی کھڑکی سے فائرنگ کی۔ گولی کھڑی کا شیشہ توڑتے ہوئے مقتول کو جا لگی اور وہ موقع پرجاں بحق ہوگیا۔ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول بھی ملا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

دوسری جانب شاہراہ نور جہاں تھانے کے علاقے نارتھ ناظم آباد ڈی سلواٹاؤن میں شادی کی تقریب میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا جسے فوری طور پرعباسی شہیداسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمی کی شناخت 22 سالہ جلال خان ولد جمال خان کے نام سے کی گئی۔

پولیس نے دونوں واقعات سے متعلق شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔