16

خیبرپختونخوا میں اے این پی کی اہم وکٹ گرگئی، خورشید خان پی ٹی آئی میں شامل

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما خورشید خان نے پارٹی 20 سالہ رفاقت ختم کرکے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف نے عوامی نیشنل پارٹی کی اہم وکٹ گِرا دی، ضلع کرک سے اے این پی کے سینئر رہنما خورشید خان پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

تحریک انصاف میں شامل ہونے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خورشید خان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں کئی سیاسی شخصیات پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کریں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہی حقیقی معنوں میں عوام کی پسندیدہ سیاسی جماعت ہے اور عوام کا اعتماد دن بدن پی ٹی آئی پر بڑھتا جارہا ہے۔

اس موقع پر خورشید خان نے کہا کہ اے این پی کے ساتھ 20 سال سے زائد کی رفاقت رہی، اب عمران خان کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ خورشید خان خٹک 2018 کے عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار تھے جب کہ وہ اے این پی کے پارلیمانی بورڈ کے ممبر اور صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری بھی رہے ہیں۔