41

لاہور ایئرپورٹ کے اطراف میں 5 کلومیٹر کے علاقے میں دفعہ 144کا نوٹفکیشن جاری

محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہور ایئرپورٹ کے اطراف میں 5 کلومیٹر کے علاقے میں دفعہ 144کا نوٹفکیشن جاری کردیا۔

مسافر طیاروں سے پرندوں کے ٹکرانے کے واقعات کے پیش نظر یوم دفاع سے قبل لاہور ایئرپورٹ کے اطراف میں پانچ کلو میٹر کے علاقے میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پابندی کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت ایئرپورٹ کے اطراف میں 10ستمبر تک دفعہ144نافذ رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کی سفارش پر محکمہ داخلہ پنجاب نے لاہورایئرپورٹ کے اطراف 5 کلومیٹر تک دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

نوٹفکیشن کے مطابق ائیرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں کبوتر اڑانے، آتشبازی اور لیزرلائٹس کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں ڈرون کیمرے اڑانے اور صدقے کا گوشت پھینکنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائےگی۔