46

عمران خان نے NA31 پشاور سے ضمنی انتخاب میں کاغذات نامزدگی جمع کروادیے

پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے این اے 31 ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جبکہ اسی حلقہ سے مستعفی رکن اسمبلی حاجی شوکت علی نے بطور کورنگ امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے کاغذات نامزدگی سابق ایم این اے شوکت علی ،صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران بنگش، ایم این اے ناصر موسی زئی ،ایم پی اے پیرفداایڈوکیٹ اور سابق ضلعی ناظم محمدعاصم خان نے جمع کرائے ۔

پی ٹی آئی کے ورکر بھی بڑی تعداد میں موجود تھے جو عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں الیکشن کمیشن پشاور کے دفتر پہنچے ۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی حاجی شوکت علی نے کہا کہ پشاور کے شہریوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ ان کے حلقہ سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان خود الیکشن کررہے ہیں۔