29

لاہور میں دو افراد کے قتل میں ملوث تین مرکزی ملزم گرفتار

لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں دو افراد کے قتل میں ملوث تین مرکزی ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے فاسٹ فوڈ کی دکان پر فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل اور چار کو زخمی کیا تھا، ایف آئی آر میں تین مرکزی ملزمان سمیت دیگر افراد بھی نامزد ہیں۔

گرفتار ملزمان میں مصطفٰیٰ، ہیرو گجر اور طاہر گجر شامل ہیں۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر لاہور پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ساری رات مختلف مقامات پر چھاپے مارے، ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا، سینیئر افسران ساری رات فیلڈ میں رہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی۔

لاہور پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز اور شواہد کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کیا۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے مرکزی ملزمان کی گرفتاری پر لاہور پولیس اور ایس پی کینٹ کو شاباش دی، انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان بھی جلد گرفتار کر لیے جائیں گے۔