24

کسی پارٹی چیئرمین کے نازیبا الفاظ یا دھمکی قانونی عمل سے نہیں روک سکتے، نیب

 اسلام آباد: نیب کا کہنا ہے کہ ملک کی ایک سیاسی جماعت کے چیئرمین کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال  اور دھمکی ہمیں قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔

 قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نیب میں پیش نہ ہونے کی رپورٹس کو بلاول بھٹو کے نیب راولپنڈی کو لکھے گئے خط  کے برعکس قرار دیتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وکیل کے ذریعے لکھے گئے خط  میں درخواست کی ہے کہ انہیں 15 جنوری 2020 کے  بعد نیب راولپنڈی کی انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔

ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو زرداری نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گے جوکہ ان کی طرف سے نیب کو کرائی گئی یقین دہانی کے برخلاف ہے، پاکستان کی ایک پارٹی کے چیئرمین کی جانب سے نیب کے بارے میں  نازیبا الفاظ  کا استعمال یا دھمکی نیب کو اس کے قانونی عمل سے نہیں روک سکتی۔

ترجمان نیب نے کہا ہے کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قانون کے مطابق کام کرنے والا ادارہ ہے، نیب کسی بھی تحقیقات میں متعلقہ شخص کا قانون کے مطابق بیان لینے پریقین رکھتا ہے تاکہ متعلقہ شخص کو اس کے قانونی حق سے محروم نہ رکھاجائے اور انصاف کے تمام ترقانونی تقاضے پورے کئے جاسکیں۔