25

وزیراعظم کا دورہ ملائیشیا منسوخ، کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہیں کریں گے

وزیر اعظم عمران خان نے دورہ ملائیشیا منسوخ کردیا ہے اور وہ کوالمپور میں شیڈول تین روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کی منسوخ اور کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم مہاتیر محمد کو گزشتہ روز(16دسمبر) کو عمران خان کی کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے کوالالمپور سمٹ میں شرکت سے معذوری ظاہر کی۔ ملائیشین وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کرنے کے عمران خان کے اقدام کو سراہا جہاں پاکستانی وزیر اعظم کو کوالمپور سمٹ میں امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور موجودہ حالات کے حوالے سے اظہار خیال کرنا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد آج پاکستانی جریدے 'پاکستان ٹوڈے' میں شائع غلط خبر کی بھی تصیح کی جس میں ملائیشین وزیر اعظم سے منسوب بیان میں کہا گیا تھا کہ کوالالمپور سمٹ کا مقصد اسلامی تعاون تنظیم کی جگہ ایک متبادل پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان 18 سے 20 دسمبر تک شیڈول کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے اور ان کی جگہ کسی حکومتی نمائندے کو کانفرنس میں شرکت کے لیے بھیج دیا جائے گا۔ اس کانفرنس میں میزبان ملائیشیا، پاکستان، ترکی، ایران، قطر اور انڈونیشیا کے سربراہان مملکت کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ انڈونیشا کے صدر جوکو وڈوڈو نے بھی شرکت سے معذرت کر لی تھی۔ 18دسمبر سے شروع ہونے والی کانفرنس میں 52ملکوں کے مسلمان رہنما، دانشور، اسکالر اور مفکرین شرکت کریں گے جبکہ 19دسمبر کو سربراہان مملکت کا اجلاس منعقد ہو گا جس میں وہ مسلم امہ اور اسلامی ممالک کو درپیش مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔

یہ مانا جا رہا ہے کہ اس سمٹ کے انعقاد کی تجویز وزیر اعظم عمران خان نے رواں سال ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد اور ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے دوران دی تھی۔ گزشتہ روز وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ملائیشیا کے دورے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان، سوئٹزرلینڈ کے دورے سے واپسی پر کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے اور اس حوالے سے میڈیا کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔\ تاہم ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے کوالمپور سمت کے حوالے سے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ منسوخ کردیا۔