28

پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر مسلح افواج کا غم و غصے کا اظہار

 راولپنڈی:ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے پر مسلح افواج نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان افواج پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف آرمی چیف، چئیر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور صدرِ پاکستان رہے ہیں اور انہوں نے 40 سال سے زیادہ پاکستان کی خدمت کی ہے، جنرل پرویز مشرف نے ملک کے دفاع کے لیے جنگیں لڑی ہیں، خصوصی عدالت کے فیصلے پر افواجِ پاکستان میں شدید غم و غصہ اور اضطراب ہے۔

ترجمان افواج پاکستان نے بیان میں کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کسی صورت بھی غدار نہیں ہو سکتے، کیس میں آیئنی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے جب کہ خصوصی کورٹ کی تشکیل کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے، اس کے علاوہ  پرویز مشرف کو اپنے دفاع کا بنیادی حق نہیں دیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بیان میں کہا کہ عدالتی کارروائی شخصی بنیاد پر کی گئی جب کہ کیس کو عجلت میں نمٹایا گیا ہے، افواجِ پاکستان توقع کرتی ہیں کہ جنرل پرویز مشرف کو آئین پاکستان کے تحت انصاف دیا جائے گا۔