کیرالا: بھارت میں ایک بے گھر فن کار خداد صلاحیتوں کا مالک ہے اور وہ کوئلے،قدرتی رنگوں، پودوں کے اجزا اور مٹی وغیرہ سے دیواروں اور عمارتوں پر بڑی پینٹنگ اور میورل بناتا ہے۔
ملگجی ڈاڑھی اور میلے کپڑوں میں ملبوس یہ شخص کولم شہر کی سڑکوں پر رہتا ہے اور لوگ اسے راجو کے نام سے پکارتے ہیں جو اس کا اصل نام نہیں ہے۔ تاہم یہ ایک کہنہ مشق فنکار ہے جو گزشتہ 8 برس سے شہریوں کو اپنے فن سے محظوظ کررہا ہے۔ کئی دیواروں اور عمارتوں پر اس نے حیرت انگیز پینٹنگ اور منظرنامے تخلیق کئے ہیں۔ یہ پتوں کو بطور برش استعمال کرتا ہے اور پودوں کے اجزا، کوئلے اور گارے کو رنگ کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
لوگ راجو کے پس منظر اور زندگی کے بارے میں جاننے کے خواہشمند نہیں لیکن جب بھی یہ کوئی نیا کام شروع کرتا ہے لوگ اس کے گرد جمع ہوجاتے ہیں۔ اگرچہ وہ جدید اشیا استعمال نہیں کرتا لیکن اس کے فن پارے کسی شاہکار سے کم نہیں ہوتے اور تکمیل کے بعد لوگ اسے دیکھ کر حیران رہ جاتےہیں۔