89

انڈونیشیا کا اپنا دارالحکومت کسی اور جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ

انڈونیشیا نے اپنا دارالحکومت جکارتہ سے کسی اور جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ شہر موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سمندر کی سطح بلند ہونے سے سب سے زیادہ خطرات کی زد والے شہروں میں سے ایک ہے۔

سی این این انڈونیشیا کی ایک رپورٹ کے مطابق انڈونیشین وزیر منصوبہ بندی بیم بینگ بروڈونیگورو نے پیر کو اس بات کا اعلان کیا کہ انڈونیشین صدر نے حکومتی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ملک کے دارالحکومت کے لیے نئے مقام کا تعین کیا جائے گا اور اس عمل پر 33 ارب ڈالرز خرچ ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی نئے مقام کا تعین نہیں کیا گیا مگر حکومت دارالحکومت کو جاوا کے قریب منتقل کرسکتی ہے جو کہ اس ملک کا سب سے زیادہ آبادی والا جزیرہ ہے۔

انہوں نے اسے انڈونیشیاءکے لیے انتہائی اہم فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مشرقی جاوا کے جزائر میں کسی جگہ پر غور کررہی ہے مگر اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

اس خطے میں سماٹرا نام کا جزیرہ موجود ہے جو کہ جکارتہ سے سومیل کے فاصلے پر واقع ہے۔

وزیر منصوبہ بندی نے مزید بتایا کہ دارالحکومت کی منتقلی کا عمل مکمل ہونے میں 10 سال کا عرصہ لگ سکتا ہے مگر حکومت اس حوالے سے مختلف خیالات پر غور کررہی ہے۔

انہوں نے کہا 'ہم ملک کی ترقی کے لیے ہٹ کر سوچنا چاہتے ہیں اور دارالحکومت کی منتقلی کے لیے تفصیلی کام کرنا ہوگا'۔

گزشتہ سال محققین نے بتایا تھا کہ 2050 تک شمالی جکارتہ کا 95 فیصد حصہ سمندر برد ہوجائے گا جبکہ نیویارک ٹائمز نے 2 سال قبل بتایا تھا کہ شہر کا 40 فیصد حصہ اس وقت سمندر کی سطح سے نیچے ہے۔

جکارتہ کی آبادی ایک کروڑ سے زائد ہے اور اتنی بڑی آبادی والے شہر کے مسائل بھی کافی پیچیدہ ہوتے ہیں۔

دارالحکومت کی تبدیلی کے منصوبے پر کافی برسوں سے بات ہورہی ہے مگر اب حکومت نے اس پر کام کرنے کی تصدیق کی ہے۔

انڈونیشین حکومت کے مطابق یہ خیال کافی عرصے پہلے سامنے آچکا تھا مگر اس پر کوئی فیصلہ یا تبادلہ خیال اس طرح مل جل کر نہیں کیا گیا تھا۔