179

امارتی شیخ نے دنیا کی سب سے بڑی اور عجیب ایس یو وی بنالی

ابو ظبی: ویگن اور کار کے ملاپ والی گاڑیاں ’اسپورٹس یوٹیلیٹی وھیکل‘ یا ایس یو وی کہلاتی ہیں امریکہ اور یورپ میں بہت مقبول ہیں۔ لیکن امارتی شیخ نے ٹرک اور جیپ کے ملاپ سے ایک عجیب و غریب ایس یو ووی بنائی ہے جسے انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی ایس یو وی قرار دیا ہے۔

دس پہیوں والی اس گاڑی کا نام ’ظہبیان‘ رکھا گیا ہے ۔ اس کی تیاری میں اوشکوش ایم 1075 فوجی ٹرک او رینگلر جیپ کو باہم ملایا گیا ہے۔ 600 ہارس پاور کا 6 سیلنڈر کیٹرپلر انجن اس میں نصب ہے اور گاڑی کی کل لمبائی 10.8میٹر اور وزن 24 ٹن ہے۔ اسے شیخ حمدان بن حمدان النہیان نے خصوصی طور پر بنایا ہے جو متحدہ عرب امارات میں عجیب و غریب اور مہنگی کاروں کی وجہ سے بہت مشہور ہیں۔

عظیم الجثہ ایس یو وی کو حال ہی میں شارجہ کے ایک شو میں پیش کیا گیا ہے لیکن اس کی قیمت نہیں بتائی گئی ہے۔ تاہم کہا جارہا ہے کہ شیخ حمدان کے ذاتی گیراج میں یہ سب سے مہنگی گااڑی ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر بعض لوگوں نے اسے غیرضروری قرار دیا ہے۔ کچھ ماہرین نے اس کے اگلے حصے کو بدصورت قرار دیا ہے اور دوسری جانب بعض نے اس کے ایندھن کی اوسط کو خوفناک قرار دیا ہے۔