183

بھارتی طوطے افیون کے عادی ہوگئے

بھارتی ریاست میں طوطے افیون کے عادی ہوچکے ہیں۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

 ممبئی: بھارت میں پوست (افیون) کی فصلوں کی دن رات نگرانی کی جارہی ہے کیونکہ طوطوں کو ان کی لت لگ گئی ہے اور وہ اپنی اشتہا پوری کرنے کے لیے مسلسل ان فصلوں پر منڈلارہے ہیں۔ یہاں تک کہ بعض ماہرین نے طوطوں کو منشیات کا عادی قرار دیدیا ہے۔

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلعے نیمچ میں مختلف کاموں کے لیے افیون کاشت کی جاتی ہے مگر کسانوں کے مطابق افیون کے عادی طوطوں کی بڑی تعداد ہر روز ان کی فصلوں پر حملہ کررہی ہے۔ اول تیز بارشوں سے فصلیں شدید متاثر ہوچکی ہیں اور اس پرطوطوں کی یلغار سے پودے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اب کسان دن رات اپنی فصلوں پر پہرہ دے رہے ہیں۔

ایک کسان نے بتایا کہ ایک پھول سے 25 گرام تک افیون نکلتی ہے اور پرندے اس پر بار بار حملہ کرتے ہیں۔ بسا اوقات پرندے ان بیچوں کا گچھا لے کر اڑجاتے ہیں جس سے فصل کا ناس ہورہا ہے۔ طوطوں کو بھگانے کے لیے لاؤڈ اسپیکر اور پٹاخوں سمیت سارے حربے استعمال کررہے ہیں لیکن اب تک کوئی خاص فائدہ نہیں ہوسکا ہے۔

ماہرین نے ان پرندوں کو عقلمند قرار دیا ہے جو پودے کو کتر کر افیون کے بیج مزے سے کھارہے ہیں اور بسا اوقات وہ پورا خوشہ لے کر اڑ جاتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پودے میں موجود نشے کے اثرات طوطوں کو عین اسی طرح متاثر کررہے ہیں جس طرح انسان کافی اور چائے پی کر اس کا اثر محسوس کرتے ہیں۔ انسانوں کی طرح طوطے بھی بہت جلد ان کے عادی بن رہے ہیں۔

اگرچہ دنیا بھر میں ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں لیکن بھارتی کسانوں کے مطابق طوطے افیون کے عادی ہوچکے ہیں اور دوسری فصلوں میں ان کی دلچسپی ختم ہوچکی ہے۔