313

ناک میں دانت اگنے کا انوکھا واقعہ

ڈنمارک: مسلسل دو سال کی ناک کی تکلیف اور سانس لینے میں مشکل پیش آنے کی اذیت سے دوچار شخص کو اس وقت آرام مل گیا جب ڈاکٹروں نے اس کے نتھنے میں اگنے والے دانت کو نکال باہر کیا۔

ڈنمارک میں 59 سالہ شخص نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ دو برس سے اس کی ناک بہہ رہی ہے اور ناک کا ایک حصہ مسلسل بند ہے جبکہ سونگھنے کی حِس بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔ اگرچہ اوائل عمر میں اس کے چہرے پر شدید چوٹ لگی تھی لیکن ڈاکٹروں نے اسے نظر انداز کردیا تاہم اس کے مزید ایکسرے اور ٹیسٹ کئے گئے۔

علاج میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر مائلوس فیوگلسینگ نے کہا کہ اس مریض کے ناک میں ایک عرصے سے دانت موجود تھا لیکن اس کا احساس انہیں دیر میں ہوا ہے۔ نتھنے سے دانت نکالنے کا آپریشن یونیورسٹی آرہس کے اسپتال میں کیا گیا ہے۔

پہلے مریض کا سی ٹی اسکین کیا گیا اور اس کے بعد اینڈواسکوپی سے اس کی سرجری کرکے دانت نکالا گیا۔ واضح رہے کہ یہ ایک کمیاب کیفیت ہے۔ 1959 سے 2008 تک دنیا میں ایسے صرف 23 مریض دیکھے گئے ہیں ۔ اگرچہ اس کی حتمی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ کسی داد، حادثے، چوٹ، پیدائشی نمو میں گڑبڑ اور دیگر کیفیات سے ناک میں دانت اگ سکتا ہے۔ لیکن یہ بھی اس کی حقیقی وجوہ نہیں ہیں۔

ماہرین کے مقابلے میں نتھنوں میں کسی دانت کی افزائش خواتین کے مقابلے میں مردوں میں زیادہ عام ہے۔