کتا اپنی وفاداری کی وجہ سے مشہور ہے لیکن ایک کتا ایسا بھی ہے جو اپنی زلفوں کی وجہ سے اتنا زیادہ مشہور ہو گیا کہ فیشن ماڈل بن گیا۔ چین سے تعلق رکھنے والا اے جے نروانا بیٹل نامی کتا، ایک تین سالہ افغانی ہاؤنڈ ایک فیشن ماڈل ہے۔
کتنے نے اپنے فیشن ماڈل ہونے کی حیثیت کو اپنی اسمارٹ جسمانی ساخت، تصویر کچھوانے سے محبت اور سب سے بڑھ کر اس کے خوبصورت بال کی وجہ سے منوایا۔ اے جے نروانا بیٹل کی یہ خوبصورتی تمام تر قدرتی نہیں ہے بلکہ اس فیشن ماڈل کتے کی خوبصورتی میں مالک کیون چن کا ہاتھ بھی ہے۔
بیجنگ سے تعلق رکھنے والے کیون چن مارکیٹنگ ڈائریکٹر ہیں، وہ ہر ساتویں یا دسویں دن کتے کو سجنے سنورنے اور نہلانے دھلانے پر چھ سے آٹھ گھنٹے خرچ کرتے ہیں۔ کیون چن کتے کی خوبصورتی پر بڑی سے بڑی رقم بھی خرچ کرنے سے نہیں ہچکچاتے۔
ان کے دعوے کے مطابق وہ ہر ہفتے تقریباً 15000 ڈالر کتے کی خوبصورتی پر خرچ کرتے ہیں۔ دوسروں کے نزدیک یہ ایک بڑی رقم ہو گی لیکن چن کے نزدیک ان پیسوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے کیونکہ وہ اس کتے کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھتے ہیں۔
29 سالہ کیون چن اپنے پالتو کتے اے جے نروانا کے بالوں کا خیال رکھنے کے لیے خصوصی اسپرے کرتے ہیں اور پورے خیال اور بڑی احتیاط سے خصوصی کنگھے سے کتے کے بال سلجھاتے ہیں۔ کیون چن کا کہنا ہے کہ وہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر نہیں کرتے بلکہ اُن کا دل نروانا کا خیال رکھواتا ہے۔
اے جے نروانا کا مالک اس کی خوبصورتی پر اتنا نازاں ہے کہ اس نے کتے کی خوبصورتی کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے ایک پروفیشنل کیمرہ تک خرید لیا تاکہ روز روز سب کو نروانا کی نت نئی تصویریں دکھائی جائیں۔ کیون اپنے فیس بک پیج پر روزانہ نروانا کی تصویریں شیئر کرتا ہے اس لیے اس کی مداحوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔