شارجہ میں نابینا اور نظر کی کمزوری کے شکار افراد کے لیے بریل رسم الخط کی حامل اور خود کار طریقے سے بولنے والی اے ٹی ایم متعارف کروا دی گئی۔
نابینا افراد کے لیے یہ اے ٹی ایم شارجہ اسلامک بینک کی جانب سے متعارف کروائی گئی ہے۔
شارجہ اسلامک بینک میں الیکٹرانک چینلز کے سربراہ ولید المودوئی نے گلف نیوز کو بتایا کہ اے ٹی ایم مشین میں سینٹرل بینک کے مطابق حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں جن پر دنیا بھر کے بینک عمل کرتے ہیں۔
فوٹو/بشکریہ گلف نیوز—.
ان کا کہنا تھا کہ اس اے ٹی ایم کو متعارف کروانے کا مقصد معذور اور نابینا افراد کو ٹیکنالوجی کی مدد سے سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بھی خود سے ہر چیز کرنے کے قابل ہوسکیں۔
اس اے ٹی ایم میں آواز کی مدد سے رہنمائی کا فیچر بھی شامل ہے اور نابینا افراد اسے اسپیکر اور ہیڈ فونز کے ذریعے رازداری کے ساتھ استعمال کرسکتے ہیں جبکہ اس اے ٹی ایم میں عربی اور انگریزی میں بریل رسم الخط کا حامل کی پیڈ بھی شامل ہے۔
اس اے ٹی ایم میں ایک کے بجائے تین سیکیورٹی کیمرے لگے ہوئے ہیں تاکہ اے ٹی ایم سے رقم نکالتے ہوئے نابینا افراد کو تحفظ فراہم کیا جا سکے اور انہیں کسی بھی نقصان سے بچایا جا سکے۔
اس کی خاص بات یہ ہے کہ وہیل چئیر پر موجود افراد بھی اس اے ٹی ایم کو باآسانی استعمال کر سکتے ہیں۔