161

بوری میں بند ہوکر تین کلومیٹر تیرنے کا دلچسپ ریکارڈ قائم

یانے پیٹکوف نے خود بوری میں بند ہوکر تین کلومیٹر تک تیراکی کا نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ فوٹو: بشکریہ ایم ایس این

بلغاریہ: بلغاریہ کے 64 سالہ لائف گارڈ، مہم جو اور تیراک یانے پیٹکوف نے بوری میں بند ہوکر تیر کر تین کلومیٹر سے زائد سفر کرکے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

یانے پیٹکوف نے پہلے اپنے ہاتھ اور پاؤں زنجیروں سے بندھوائے اور بوری پہنی جس کے بعد انہیں کھلی جھیل میں چھوڑدیا گیا۔ اس کا عملی مظاہرہ انہوں نے مقدونیہ کی مشہور اورد جھیل میں کیا اور ایک سرخ بوری میں بند ہوکر جھیل میں تیراکی کا کارنامہ انجام دیا۔

اس مظاہرے میں یانے پیٹکوف نے 3380 میٹر تک تیر کر بھارتی مچھیرے گوپال کھروی کا 2013 کا وہ ریکارڈ توڑا جو 3,071 میٹر کا تھا۔ اس موقع پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے آفیشل، ریڈکراس کے رضاکار اور آبی کھیلوں کے دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔

اس کارنامے کے بعد یانے نے کہا کہ وہ ساڑھے تین کلومیٹریعنی 3500 میٹر تک تیرنا چاہتے تھے لیکن اتنے مشکل حالات میں تیرنے میں انہیں تین گھنٹے لگے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بوری میں بند ہوکر روایتی انداز میں تیراکی بہت مشکل ہوجاتی ہے۔