227

آسمان پر 2000 ڈرونز سے خوبصورت نقوش بنانے کا نیا ریکارڈ قائم

سان فرانسسكو: اب ڈرون کو آتش بازی کی جگہ استعمال کرتے ہوئے انہیں دورانِ پرواز خاص انداز میں مرتب کرکے ان کی مدد سے آسمان پر خوبصورت ڈیزائن، تصاویر اور مناظر بنائے جارہے ہیں۔ اس ضمن میں اب ایک نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے جس میں 2018 روشن ڈرونز سے فضا میں آتش بازی کا سماں پیدا کیا گیا ہے۔

مائیکروپروسیسر بنانے والی مشہور کمپنی ’’انٹیل‘‘ نے اپنی پچاسویں سالگرہ پر کیلیفورنیا کی فضا میں رات کے وقت دوہزار سے زائد شوٹنگ اسٹار ڈرون اڑا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تمام ڈرونز روبوٹک پائروٹیکنک کمپنی نے فراہم کئے تھے۔

اس سے قبل 2016 میں 100 شوٹنک اسٹارز ڈرون سے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنائی تھی۔ اس کے بعد 500 ڈرونز کی روشنیوں کو استعمال کیا گیا۔ اس کے بعد یہ اعزاز جنوبی کوریا کے پاس آگیا جہاں اولمپکس میں 1218 ڈرونز استعمال کیے گئے تھے۔ اب انٹیل نے دوبارہ یہ اعزاز چھین لیا ہے اور 2000 ڈرونز استعمال کیے ہیں۔

تمام ڈرونز کو ایک خاص سافٹ ویئر سے کنٹرول کیا جاتا ہے اور وہ پرواز کے دوران کچھ اس طرح ترتیب میں آتے ہیں کہ ہوا میں ٹھہر کر ڈیزائن، علامات اور تصاویر بناتے ہیں۔ ڈرونز کی اس فارمیشن کےلیے باقاعدہ کمپیوٹر پروگرامنگ کی جاتی ہے۔

ہر ڈرون کو ہلکے پلاسٹک اور فوم سے بنایا گیا ہے جس کا وزن 283 گرام ہے اور اس پر بہت روشن اور رنگ برنگی ایل ای ڈیز لگی ہوئی ہیں۔ اس طرح ڈرون رات کے وقت مستقل آتش بازی کا منظر پیش کرتے ہیں۔