123

برونڈی میں جاگنگ کرنے پر آپ کو عمرقید کی سزا ملے گی

چہل قدمی کرنا اور دوڑنا اگرچہ ہماری صحت کےلیے بہت مفید ہے لیکن اگر آپ افریقہ کے ملک برونڈی میں ہیں تو ہوشیار رہیے گا کیونکہ وہاں لوگوں کو ایک ساتھ جاگنگ کرنے پر عمر قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے۔ 

برونڈی کے عوام میں ہفتے کے روز جاگنگ کی روایت صدیوں سے چلی آرہی ہے لیکن پچھلے چند برسوں سے اس پر سخت پابندی عائد ہے کیونکہ برونڈی کے صدر پائیر انکورونزیزا کو خطرہ ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اسی روایت کو استعمال کرتے ہوئے حکومت کا تختہ بھی پلٹ سکتی ہیں۔ اسی خدشے کے تدارک کےلیے انکورونزیزا کے حکم پر برونڈی میں یہ میں قانون نافذ کیا گیا ہے کہ لوگ جتھوں کی شکل میں ہفتے کی روایتی چہل قدمی/ جاگنگ نہیں کریں گے؛ اور اگر کوئی ایسا کرتا ہوا پایا گیا تو اسے اپنی زندگی کے باقی روز و شب قید خانے میں بسر کرنا پڑیں گے۔

واضح رہے کہ برونڈی کئی برسوں سے خانہ جنگی کا شکار رہا ہے جہاں وقفے وقفے سے حکومت کے خلاف بغاوت ہوتی رہتی ہے۔ انکورونزیزا نے اگست 2005 میں برونڈی کا اقتدار حاصل کیا تھا اور تب سے اب تک وہاں کے حالات ابتر ہیں۔ مسلسل خانہ جنگی کے باعث برونڈی، افغانستان کے بعد دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں کے بچے سب سے زیادہ غذائی قلت کا شکار ہیں۔