258

سرد جنگل میں رات بھر زمین پر رہنے والا شیرخوار معجزانہ طور پر محفوظ

مونٹانا: امریکی ریاست مونٹانا کے جنگل میں نہایت سرد رات کے باوجود 5 ماہ کا ایک بچہ معجزانہ طور پر زندہ رہا ریسکیو ادارے نے 9 گھنٹے بعد بچے کا سراغ لگالیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا کے جنگلات میں ایک کار کو حادثہ پیش آیا، کار سوار شخص نومولود بچے کو نہایت سرد اور تاریک رات میں تنہا چھوڑ کر واپس اپنے گھر چلا گیا۔ کار حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کیا تاہم کار ڈرائیور نشے کے زیادہ استعمال کے باعث بچے کی موجودگی کے حوالے سے کچھ نہیں بتا پایا جس کے بعد ازخود کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

usa-montana-driver-5-month-baby-in-forest

ملزم ڈرائیور کی تصویر

ریسکیو اہلکاروں کو حادثے کی جگہ سے جنگل کے کھائی کی جانب کچھ فاصلے پر ایک زندہ بچہ زمین کے اندر آدھا دھنسا ہوا ملا، بچے کا لباس مٹی زدہ اور گیلا تھا جب کہ اس رات درجہ حرارت بھی 7 سینٹی گریڈ تک رہا تھا اس کے باوجود نومولود بچہ معجزانہ طور پر زندہ رہا۔ بچے کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

مونٹانا پولیس نے بچے کو خطرناک جنگل میں تنہا چھوڑنے والے کار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے جو نشے کی حالت میں ہونے کے باعث درست معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہے تاہم ابتدائی بیان میں اس نے پولیس کو بتایا کہ بچے کا وزن زیادہ ہونے کے باعث اسے وہیں چھوڑ دیا تھا۔ تاحال پولیس کار ڈرائیور اور بچے کے درمیان رشتہ معلوم نہیں کرسکی۔