227

سوئٹزرلینڈ کے گاؤں میں رہیے اور 25 ہزارسوئس فرانک پائیے

برن: سوئٹرز لینڈ کے گاؤں البینن نے مکینوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر وہاں رہائش اختیار کرنے والوں کو 25 ہزار سوئس فرانک (26 لاکھ 80 ہزار روپے) فی فرد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

رقم دینے کا یہ فیصلہ اس گاؤں کے مکینوں کی تعداد بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے،فوٹو: دی ٹیلی گراف

ڈیلی ٹیلی گراف کے مطابق یہ رقم وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے والے فرد کو دی جائے گی، اگر اہل خانہ ساتھ ہوں گے تو ہر بچے کے عوض 10 ہزار سوئس فرانک کی اضافی رقم دی جائے گی تاہم مقامی انتظامیہ نے اس ضمن میں چند شرائط عائد کی ہیں جن کے مطابق 25 ہزار فرانک (25 ہزار 400 ڈالر) کی رقم اس شخص کو دی جائے گی جو یہاں کم از کم 10 سال کےلیے رہائش اختیار کرے گا،  اس کی عمر 45 سال سے زائد نہ ہو، وہ وہاں سیاحت کےلیے نہ آیا ہو بلکہ وہاں کم از کم 2 لاکھ فرانک کی پراپرٹی خریدے۔ 10 سال سے کم عرصے میں واپس جانے والے شخص کو حکومت کی جانب سے ملنے والی رقم واپس کرنی ہوگی۔

واضح رہے کہ سوئٹزر لینڈ کے اس چھوٹے سے گاؤں میں مقیم افراد کی تعداد محض 240 ہے جس میں اضافے کےلیے مقامی انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ گاؤں کے رہائشی اس تجویز کی منظوری کے حوالے سے 30 نومبر کو ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔

خیال رہے کہ  سیاحت یا روزگار کے حوالے سے سوئٹزر لینڈ دنیا کا سب سے زیادہ پرکشش ملک ہے۔a