255

امریکہ میں خاتون کو313 کھرب روپے کا بل آگیا

ہیرسبرک۔ امریکی خاتون کو کرسمس لائٹس جلانا اس قدر مہنگا پڑا کہ ان کو 284 ارب ڈالر کا بل آگیا جسے دیکھ کر انہیں اربوں واٹ کر جھٹکا لگا۔ امریکی ریاست پنسلوانیا کی رہائشی میری ہورومنسکی کی آنکھیں اس وقت چہرے سے باہر نکل آئیں جب انہوں نے 284 ارب ڈالر یعنی پاکستانی 313 کھرب روپے کا بجلی کا بل دیکھا۔ میری ہورومنسکی کے مطابق جب انہوں نے بل دیکھا تو انہیں اربوں واٹ کا جھٹکا لگا اور وہ سوچنے لگیں کہ آخر انہوں نے ایسا کیا غلط کیا صرف کرسمس لائٹس سے گھر ہی سجایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنا سب کچھ بھی فروخت کردیں تب بھی 100 سال میں شاید ہی اس رقم کو ادا کر پائیں۔ بجلی کمپنی نے خاتون کو بل کی مکمل ادائیگی کیلئے ایک سال کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ماہ 28 ہزار ڈالرز کی قسط جمع کرانا ہوگی۔

میری ہورومنسکی کے بیٹے نے جب بجلی کمپنی سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ اصل رقم صرف 284 ڈالرز ہے۔ بجلی کی کمپنی نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی اربوں ڈالر کا بل نہیں دیکھا اورانہوں بل میں ہونے والی غلطی کے حوالے سے کمپنی کو آگاہ کرنے پر خاتون کا شکریہ ادا کیا۔