8

نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ نئے سال کے آغاز میں حل ہوجائے گا: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملہ زیادہ عرصے تک زیر بحث نہیں رہے گا اور نئے سال کے آغاز میں اس حوالے سے کوئی قابل قبول حل سامنے آجائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر جلد ایسی شکل سامنے آنے کا امکان ہے جسے تمام متعلقہ فریق قبول کرسکیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں ریفرنڈم کی گنجائش موجود ہے جبکہ آئینی ترامیم کے لیے بھی باقاعدہ طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم نئے سال کے آغاز میں ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ دینا قبل از وقت ہوگا۔ ان کے مطابق ریفرنڈم کے معاملے پر دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطے اور مشاورت جاری ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاملے پر جو بھی پیش رفت ہوگی اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے، جبکہ صوبوں کے قیام سے متعلق تیار کی جانے والی دستاویز تمام متعلقہ فریقوں کی مشترکہ ہوگی۔

18ویں ترمیم اور نئے صوبوں کا معاملہ

وزیر دفاع نے 18ویں آئینی ترمیم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس پر مکمل روح کے مطابق عملدرآمد ہوتا تو آج نئے صوبوں کے قیام سے متعلق یہ بحث نہ ہورہی ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کی روح نکالی جاچکی ہے، جس کے باعث صوبائی اختیارات اور انتظامی معاملات پر نئے سرے سے گفتگو کی ضرورت محسوس ہورہی ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک بھر میں نئے صوبے قائم کیے جائیں، تاہم ان کی تعداد کتنی ہوگی، اس بارے میں فی الحال کچھ کہنا ممکن نہیں۔

وزیر دفاع کے اس بیان کے بعد نئے صوبوں کے قیام، ریفرنڈم اور ملک کے انتظامی ڈھانچے میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق بحث ایک بار پھر اہمیت اختیار کرگئی ہے۔