سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج نے ایک خالی رہائشی مکان میں بھاری اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد چھپا رکھا تھا، جسے آپریشن کے دوران برآمد کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکان کی کھدائی کے دوران اینٹی ایئرکرافٹ گن، ہیوی مشین گن، آر پی جی 7 اور دیگر بھاری ہتھیار ملے۔
برآمد ہونے والے سامان میں آر پی جی 7 کے راؤنڈز، کواڈ کاپٹر ڈراپ کٹس، یو بی جی ایل راؤنڈز اور ڈیٹونیٹنگ کورڈز بھی شامل ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق رہائشی آبادی میں اسلحہ اور بارودی مواد چھپانا معصوم شہریوں کی جانوں کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ جدید اسلحے کی برآمدگی دہشتگردوں کے بیرونی روابط اور اسلحے کی سپلائی چین کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سکیورٹی فورسز نے میرعلی میں کارروائی کرتے ہوئے بارودی مواد تیار کرنے والی ایک لیبارٹری پکڑی تھی۔









