جنوبی کوریا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے امتحان میں نقل کے اسکینڈل کے بعد وزیر تعلیم چوئی کیو جن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، جسے صدر لی جے میونگ نے منظور کرلیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر تعلیم نے ملک کے اہم ترین یونیورسٹی داخلہ امتحان سے چند روز قبل سامنے آنے والے نقل کے واقعے اور اس کے بعد حکومتی اقدامات پر ہونے والی تنقید کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیا۔
یہ اسکینڈل اس وقت سامنے آیا جب جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ بننے کے خواہش مند امیدواروں کے قومی امتحان میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے ایک نوجوان نے اعتراف کیا کہ اس نے نقل کے لیے خفیہ کیمرے، اسمارٹ فون اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا تھا۔
نوجوان نے یوٹیوب پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ اس نے چھوٹے کیمرے کی مدد سے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں اور انہیں اے آئی ٹول پر بھیجا، جہاں سے حاصل ہونے والے جوابات اپنے اسمارٹ فون پر دیکھ کر امتحان حل کیا۔ نوجوان نے اپنی شناخت صرف ’ہان‘ ظاہر کی اور نقل کرنے پر معافی بھی مانگی۔
رپورٹ کے مطابق نوجوان کی غیر معمولی کارکردگی پر پہلے ہی شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ اس نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے دو امتحانات میں سیکڑوں سوالات کے تقریباً مکمل نمبر حاصل کیے تھے، تاہم بعد میں اس کے اعتراف نے امتحانی نظام کی شفافیت پر سوالات کھڑے کردیے۔
امتحان میں نقل روکنے کیلئے غیر معمولی اقدامات
یہ اسکینڈل جنوبی کوریا کے اہم ترین یونیورسٹی داخلہ امتحان کالج اسکالسٹک ایبیلٹی ٹیسٹ (سی ایس اے ٹی) سے صرف چار روز قبل سامنے آیا، جسے مقامی طور پر ’سنونگ‘ بھی کہا جاتا ہے۔
حکام کو خدشہ تھا کہ امیدوار امتحان میں خفیہ کیمروں، اسمارٹ چشموں اور دیگر الیکٹرانک آلات کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مدد سے نقل کرسکتے ہیں۔
تقریباً 9 گھنٹے جاری رہنے والے اس امتحان میں رواں سال ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد امیدواروں نے شرکت کی، جبکہ ملک بھر میں تقریباً 1300 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ امتحان کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے حکام نے تقریباً 8 ہزار 400 اضافی نگران بھی تعینات کیے۔
نقل کی روک تھام کیلئے امتحانی مراکز میں پبلک وائی فائی بند کرنے، امیدواروں کے لباس کے بٹنوں پر اسٹیکرز لگانے اور مشکوک امیدواروں کی جانچ کیلئے میٹل ڈیٹیکٹرز استعمال کرنے سمیت متعدد اقدامات کیے گئے۔
حکام نے امتحان کے دوران چھپائے گئے موبائل فونز کی نشاندہی کیلئے ہنگامی الرٹس کا بھی سہارا لیا۔ جمعرات کی صبح ساڑھے آٹھ بجے جنوبی کوریا کے 9 شہروں میں موبائل فونز پر تقریباً 10 سیکنڈ تک ہنگامی الارم بجائے گئے، جو فون کے سائلنٹ موڈ میں ہونے کے باوجود فعال رہے۔
وزارت تعلیم کے مطابق پہلے ہنگامی الرٹ کے ذریعے صبح ساڑھے 11 بجے تک 22 ایسے موبائل فونز کی نشاندہی ہوئی جو امیدواروں نے امتحان سے قبل حکام کے حوالے نہیں کیے تھے۔ اس کے بعد دو مزید غیر اعلانیہ الرٹس بھی جاری کیے گئے تاکہ چھپائے گئے دیگر فونز کا پتا چلایا جاسکے۔
حکام کے مطابق امتحان کے دوران الیکٹرانک آلات کے استعمال سے متعلق بدعنوانی کے 111 واقعات سامنے آئے، جن میں سے تقریباً نصف کا پتا تین ہنگامی الرٹس کے ذریعے چلا۔
وزیر تعلیم کو تنقید کا سامنا
امتحان سے قبل کیے گئے غیر معمولی اقدامات کے باوجود حکومت کو شدید عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر تعلیم چوئی کیو جن کو پارلیمانی سماعت کے دوران اس وقت بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں یقین ہے کہ حکام امتحان کے دوران نقل کرنے والوں کو پکڑنے میں کامیاب ہوں گے؟
اس سوال پر 72 سالہ وزیر تعلیم نے جواب دیا تھا کہ اپنی عمر کے باعث انہیں یقین نہیں کہ وہ ایسا کر سکیں گے۔ ان کے اس بیان پر عوامی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا اور حکومت کی امتحانی تیاریوں پر سوالات اٹھائے گئے۔
بعد ازاں وزیر تعلیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امتحان کسی بڑے واقعے کے بغیر مکمل ہوگیا، تاہم وہ اس تنقید سے خود کو بری الذمہ نہیں سمجھتے کہ حکومت نے پیشگی تیاری نہیں کی تھی۔
چوئی کیو جن نے کہا کہ وہ اس معاملے کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پیش کر رہے ہیں۔
جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر لی جے میونگ نے وزیر تعلیم کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔









