ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر نے شہریوں کی معمولاتِ زندگی متاثر کرنا شروع کر دیے، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی غیر معمولی کمی کے باعث خشک سالی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکردو اور گردونواح میں درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس کے باعث درختوں اور پتوں پر برف کی سفید تہہ جم گئی۔ بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث صبح اور شام کے اوقات میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی مسلسل کمی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد، اکتوبر میں 100 فیصد جبکہ نومبر کے پہلے 20 دنوں میں 99 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق بلوچستان میں بھی اکتوبر اور نومبر کے دوران بارشیں نہ ہونے کے برابر رہیں، جس سے دونوں صوبوں کے مختلف اضلاع میں خشک سالی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
موسمیاتی رپورٹس میں سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول جبکہ بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کو خشک سالی سے شدید متاثر ہونے کے خطرے سے دوچار قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں میں مسلسل کمی کے باعث گندم سمیت ربیع کی فصلوں، زیر زمین پانی کے ذخائر اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال یہ احتیاطی الرٹ ہے اور کسی ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ادھر بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں صفر ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں درجہ حرارت 6، ژوب میں 10، سبی میں 13 اور تربت میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
کراچی میں موسم خشک رہنے جبکہ رات کے اوقات میں خنکی بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔









