فٹبال کے عالمی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو چین میں منفرد انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، جہاں ان کا 7 میٹر بلند مجسمہ نصب کردیا گیا، جبکہ ان کے نام سے سی آر 7 میوزیم کا افتتاح بھی کردیا گیا ہے۔
شنگھائی میں نصب کیے گئے مجسمے میں پرتگالی فٹبالر کو ان کے مشہور ’سیوو‘ جشن کے انداز میں دکھایا گیا ہے، جبکہ انہوں نے پرتگال کی مشہور نمبر 7 والی جرسی پہن رکھی ہے۔
مجسمے کی رونمائی ایک میوزیم کے باہر منعقدہ تقریب میں کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں فٹبال شائقین نے شرکت کی۔ کرسٹیانو رونالڈو خود تقریب میں موجود نہیں تھے، تاہم ان کے بڑے بھائی ہیوگو ایویرو اور قریبی دوست میگوئل پائیکساو تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر مداحوں نے بھی رونالڈو کے مشہور ’سیوو‘ انداز میں جشن منایا اور اپنے پسندیدہ فٹبالر سے محبت کا اظہار کیا۔
شنگھائی میں سی آر 7 میوزیم بھی کھل گیا
مجسمے کی رونمائی کے ساتھ شنگھائی میں کرسٹیانو رونالڈو کے نام سے منسوب سی آر 7 میوزیم کا افتتاح بھی کیا گیا۔ تقریباً 3 ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلے اس میوزیم میں 10 خصوصی حصے قائم کیے گئے ہیں۔
میوزیم میں رونالڈو کے شاندار فٹبال کیریئر سے وابستہ 40 سے زائد یادگار اشیا، ٹرافیاں، جرسیز اور فٹبال شوز نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ میوزیم میں رونالڈو کے آبائی علاقے مڈیرا میں واقع ان کے بچپن کے بیڈ روم کی طرز پر ایک خصوصی کمرہ بھی تیار کیا گیا ہے، تاکہ شائقین ان کی ابتدائی زندگی اور فٹبال کے سفر سے متعلق یادوں کو قریب سے دیکھ سکیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کا 7 میٹر بلند مجسمہ دسمبر 2026 کے اختتام تک نمائش کے لیے رکھا جائے گا، جبکہ سی آر 7 میوزیم ایک سال تک شائقین کے لیے کھلا رہنے کی توقع ہے۔
چین میں اس منفرد یادگار اور میوزیم کے قیام کو رونالڈو کی عالمی مقبولیت اور فٹبال کے مداحوں میں ان کی غیر معمولی شہرت کا ایک اور اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔









