سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی نے ریفرنڈم سے متعلق وزراء کے ایک مخصوص گروپ کے طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنڈم آئین کے آرٹیکل 239(4) میں صوبائی حدود کی تبدیلی کے لیے وضع کیے گئے طریقہ کار کا متبادل نہیں بن سکتا۔
رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ریفرنڈم کے معاملے پر وزراء کے ایک مخصوص گروپ کا طرزِ عمل قابلِ مذمت ہے۔ ان کے مطابق یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ اگر ریفرنڈم کے نتائج ان کے حق میں آئے تو انہیں عدالتی توثیق کے لیے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا اقدام پارلیمان کی خودمختاری کو مجروح کرنے اور صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات پر قدغن لگانے کے مترادف ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کوئی عدالت آئین میں ایسی تشریح شامل نہیں کرسکتی جو اس میں پہلے سے موجود نہ ہو، اور نہ ہی کسی عدالت کو آئین ازسرِنو تحریر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ اگر کوئی عدالت ایسا کرتی ہے تو اس سے آئینی طریقہ کار اور صوبائی اسمبلی کے آئینی حق کو نقصان پہنچے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا اقدام آئین پاکستان کے بنیادی اصولوں میں تبدیلی کے مترادف ہوگا۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے اپنے بیان کے اختتام پر سوال اٹھایا کہ کیا ہمارا موجودہ نظام آئین سے اس نوعیت کے انحراف کا متحمل ہوسکتا ہے؟









