شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابطے کی متعدد کوششوں کا کوئی جواب نہیں دیا، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تازہ کوشش بھی ناکامی سے دوچار ہوگئی۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان قائم ٹیلی فون لائنز اور سفارتی رابطہ چینلز کے ذریعے کم جونگ اُن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم شمالی کوریا کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ نے بعد ازاں کم جونگ اُن کو ایک خط بھی تحریر کیا، تاہم اسے شمالی کوریا کے رہنما تک پہنچانا امریکی حکام کے لیے ایک چیلنج بن گیا۔
ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس حکام نے ایک منصوبہ بنایا جس کے تحت ایک ٹیم کو نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں اقوام متحدہ کے لیے شمالی کوریا کے مستقل مشن کے دفتر کے باہر تعینات کیا گیا۔ بعد ازاں ایک شمالی کوریائی سفارت کار کے وہاں سے گزرنے پر ٹیم کے ارکان نے اسے ٹرمپ کا خط تھما دیا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعد میں اقوام متحدہ کے ایک اجلاس کے دوران شمالی کوریائی سفارت کار نے وہ بند خط ایک امریکی نمائندے کے سامنے پھینک دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں دونوں رہنماؤں کے درمیان تین ملاقاتیں ہوئی تھیں، جن میں شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کا خاتمہ مذاکرات کا بنیادی موضوع رہا تھا۔ تاہم اب کم جونگ اُن کی جانب سے جوہری پروگرام ترک کرنے یا امریکی صدر کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جا رہی۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق رواں ہفتے ایشیا کے دورے کے دوران بھی ٹرمپ نے کم جونگ اُن سے ملاقات کی کوشش کی، لیکن یہ کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی۔ مذاکرات سے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں نے آخری لمحات میں براہ راست ملاقات کے امکان کا جائزہ لیا تھا، تاہم کم جونگ اُن نے ایسی شرائط پیش کیں جنہیں امریکا قبول کرنے پر آمادہ نہیں تھا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کی مسلسل سفارتی کوششوں اور شمالی کوریا کے رہنما کی خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن تاحال پیانگ یانگ کو اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے دستبردار کرانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ امریکا اب اس حقیقت کا سامنا کر رہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری حیثیت کو تبدیل کرنا ایک مشکل چیلنج بن چکا ہے۔ امریکی انٹیلی جنس کے گزشتہ سال کے سالانہ خطرات کے جائزے میں بھی کہا گیا تھا کہ کم جونگ اُن اپنے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے پروگرام پر سمجھوتے کے خواہش مند نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2019 میں ٹرمپ سے آخری ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے جوہری وار ہیڈز کی تعداد اندازاً 20 سے 30 سے بڑھ کر 60 تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ شمالی کوریا نے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بھی تیار کیے ہیں، جو امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق کم جونگ اُن اب امریکا سے شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرنے پر زور دے رہے ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان جوہری مذاکرات کی بحالی مزید پیچیدہ ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔









