8

ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان شاہینز کا بھارت اے کو 314 رنز کا ہدف

اے سی سی مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے گروپ بی کے اہم مقابلے میں پاکستان شاہینز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو جیت کے لیے 314 رنز کا ہدف دے دیا۔

دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز سے قبل 49.2 اوورز میں 313 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن نواز، معاذ صداقت اور فرحان یوسف نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ حسن نواز 79 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ معاذ صداقت نے 59 اور فرحان یوسف نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت اے کی جانب سے ہرشت رانا، پرنس یادیو، سوریانش اور وپراج نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آیوش بڈونی ایک پاکستانی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت عبدالصمد کر رہے ہیں، جبکہ بھارتی ٹیم کی کمان تلک ورما کے ہاتھ میں ہے۔

دونوں ٹیمیں اس فارمیٹ میں اب تک 14 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں بھارت اے نے 9 جبکہ پاکستان شاہینز نے 5 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

پاکستان اور بھارت اے کے درمیان آخری مقابلہ 2023 کے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں ہوا تھا، جس میں پاکستان شاہینز نے 128 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

اب بھارت اے کو میچ جیتنے اور ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے 314 رنز کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔