آسٹریلیا کی جانب سے سیریز سے ملتوی کیے جانے پر افغان کرکٹ بورڈ کا موقف بھی سامنے آگیا۔
افغان بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلوی حکومت اپنی پالیسیوں کو بورڈ پر مسلط نہ کرے، کرکٹ آسٹریلیا فل ممبر بورڈ کو احترام دے اور متبادل حل پر غور کرے۔
افغان بورڈ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ہم کرکٹ آسٹریلیا پر حکومت کی طرف سے آنے والے دباؤ کو سمجھتے ہیں، تیسری مرتبہ سیریز کے ملتوی ہونےکا اعلان مایوس کن ہے، آسٹریلیا ماضی میں ایک ٹیسٹ اور گزشتہ برس ون ڈے سیریز سے دستبردار ہوا۔
واضح رہے کہ افغانستان اور آسٹریلیا کی 3 ٹی20 میچز کی سیریز رواں برس اگست میں شیڈول تھی۔
قبل ازیں گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا نے خواتین کو حقوق نہ دینے کا بہانہ بناکر افغانستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
آسٹریلوی بورڈ نے موقف اپنایا ہے کہ طالبان کے دورِ حکومت میں خواتین اور لڑکیوں کو برابری کے حقوق فراہم نہیں کیے جارہے، جس کی وجہ سے وہ افغانستان کرکٹ ٹیم کیساتھ سیریز نہیں کھیلیں گے۔