خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خودکش حملہ آور کو ہلاک کر کے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران مشتبہ گاڑی سے بھاری مقدار میں بارود برآمد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق تھانہ براگی کی حدود میں ایک مزدا گاڑی کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کی۔ پولیس کو پہلے سے اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ مذکورہ گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے آئی ای ڈی تیار کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان اطلاعات کے پیش نظر لکی مروت پولیس نے گشت اور چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا تھا۔ گاڑی کی نشاندہی کے بعد پولیس نے کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی، مقامی پولیس اور کوئیک رسپانس فورس کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے گاڑی کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود ڈرموں میں بڑی مقدار میں بارود موجود ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والے حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم اس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب کارروائی پر لکی مروت پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر درجنوں قیمتی جانیں بچائی ہیں۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس عوام کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر موجود ہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔









