8

وہ ٹیکنالوجی کمپنی جس کے تمام ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف امریکی کمپنی انتھروپک نے اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھتے ہی دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی، جہاں کمپنی کے حصص کی مالیت میں اضافے کے بعد ہزاروں ملازمین راتوں رات کروڑ پتی بن گئے۔

رپورٹس کے مطابق 19 نومبر کو امریکی اسٹاک مارکیٹ میں قدم رکھنے والی کمپنی کی ابتدائی مالیت 1760 سے 1770 ارب ڈالر کے درمیان رہی، تاہم کاروباری دن کے اختتام پر اس کی مالیت تقریباً 1300 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

کمپنی کی ریگولیٹری فائلنگز کے مطابق انتھروپک کے تقریباً 5300 ملازمین میں سے 5100، یعنی 96 فیصد کے پاس موجود حصص کی مالیت کم از کم 10 لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو پاکستانی کرنسی میں 27 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 2800 ملازمین کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوگئی، جبکہ 600 ملازمین ایسے بھی ہیں جن کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 2021 میں قائم ہونے والی کمپنی میں ملازمین کے لیے عہدے کے بجائے کمپنی کے ساتھ طویل عرصے تک وابستہ رہنا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوا۔ خصوصاً 2023 اور 2024 میں کمپنی کا حصہ بننے والے ملازمین کو بعد میں بھرتی ہونے والے بعض سینئر عہدیداروں کے مقابلے میں زیادہ مالی فائدہ حاصل ہوا۔

امریکی کمپنیوں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص دینا ایک عام روایت ہے، جس کا مقصد باصلاحیت افراد کو طویل عرصے تک کمپنی کے ساتھ وابستہ رکھنا ہوتا ہے۔ تاہم انتھروپک کی غیرمعمولی ترقی نے اس روایت کو ایک نئی مثال بنا دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2024 کے اختتام تک کمپنی کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم تھی، لیکن اس کے بعد کمپنی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ملازمین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔

انتھروپک کے زیادہ تر ملازمین امریکی شہر سان فرانسسکو میں مقیم ہیں، جہاں ان کی اچانک بڑھتی ہوئی دولت کے باعث مکانات اور جائیدادوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کی ایک اور اہم پالیسی یہ ہے کہ اس نے آئی پی او کے پہلے روز ہی ملازمین کو اپنے 10 فیصد حصص نقد کروانے کی اجازت دی، جس سے انہیں فوری طور پر مالی فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔