خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں تبلیغی مرکز کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے ناوے ڈنڈ میں واقع تبلیغی مرکز کے ایک کمرے کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب مقامی افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو اہلکاروں کا ساتھ دے رہے ہیں، جبکہ ایف سی نارتھ کے اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں، جبکہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔









