9

اسحاق ڈار، ترک وزیرِ توانائی اورعلی پرویز ملک کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے

پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں ترکیہ کا زلزلہ پیما سروے اور تحقیقی جہاز اورُچ رئیس کراچی بندرگاہ پہنچ گیا، جہاں اس کے استقبال کے لیے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ترکیہ کے تحقیقی و سروے جہاز اورُچ رئیس کی کراچی بندرگاہ آمد پر باضابطہ طور پر خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

استقبالیہ تقریب کامیابی سے اختتام پذیر ہونے کے بعد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بایراکتار اور وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اسلام آباد پہنچ گئے۔

ترکیہ کا تحقیقی جہاز اورُچ رئیس سمندری تحقیق اور زلزلہ پیما سروے کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ اس کی پاکستان آمد دونوں ممالک کے درمیان تحقیق اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ کے تناظر میں اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔