حنا جاوید قتل کیس میں مرکزی ملزم قرار دیے گئے گھریلو ملازم ذیشان ارشد کے ماضی سے متعلق پولیس کے دعوؤں اور اس کے آبائی علاقے سے سامنے آنے والی معلومات میں تضاد سامنے آگیا ہے۔
پولیس کی تحقیقاتی ٹیم ذیشان ارشد کو مبینہ مجرمانہ رجحانات کا حامل قرار دے چکی ہے، تاہم منڈی بہاؤالدین کے علاقے میانہ گونل میں مقامی پولیس ریکارڈ کی جانچ کے دوران ملزم کے خلاف کوئی سابقہ مقدمہ یا شکایت سامنے نہیں آئی۔
ملزم کے آبائی علاقے میں کی جانے والی تحقیقات کے دوران اساتذہ، دوستوں، سابق مالکان اور علاقہ مکینوں نے بھی ذیشان ارشد کے ماضی اور کردار سے متعلق اپنے مشاہدات بیان کیے۔ بیشتر افراد نے اس کے خلاف کسی غیر اخلاقی یا غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے کی معلومات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
مقامی پولیس کے مطابق حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقاتی ٹیم نے اب تک ان سے رابطہ نہیں کیا، جبکہ مقامی سطح پر کسی شخص کا بیان ریکارڈ کیے جانے کی بھی اطلاع نہیں ملی۔
ذیشان ارشد کے سابق استاد قاری مشتاق نے اس کے مبینہ غیر اخلاقی یا غیر فطری سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے اتنا بڑا جرم کرنے والا شخص نہیں سمجھتے۔
ملزم کے دوست انس اور سابق مالکان محمد رفیق بھٹی اور محمد سلیم نے بھی اپنے تجربات کی بنیاد پر اس کے کردار کے بارے میں مثبت رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملازمت کے دوران ذیشان ارشد کے خلاف کوئی ایسی شکایت سامنے نہیں آئی تھی۔
دوسری جانب ذیشان ارشد کو حنا جاوید کے گھر ملازمت پر رکھنے والے شخص کے مطابق اسے تقریباً سات ماہ قبل مکمل چھان بین کے بعد ملازمت دی گئی تھی۔ اس سلسلے میں اس کا ڈومیسائل اور والد کا شناختی کارڈ بھی طلب کیا گیا تھا۔
پولیس کے مؤقف اور مقامی معلومات میں فرق کیوں؟
پولیس کے مطابق ذیشان ارشد نے دورانِ تفتیش متعدد جرائم کا اعتراف کیا ہے جبکہ فارنزک رپورٹس بھی اس کے خلاف ہیں۔ تاہم ملزم کے آبائی علاقے میں دستیاب پولیس ریکارڈ میں کوئی سابقہ مقدمہ یا شکایت موجود نہیں ملی۔
اس صورتحال نے ملزم کے مبینہ مجرمانہ ماضی اور پولیس کی جانب سے کیے گئے دعوؤں کی بنیاد سے متعلق کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
واضح رہے کہ حنا جاوید قتل کیس میں تقریباً تین ماہ گزرنے کے باوجود پولیس نے تاحال چالان جمع نہیں کرایا، جبکہ مقتولہ سے متعلق اصل فارنزک رپورٹس بھی عوام کے سامنے نہیں لائی گئیں۔
کیس میں اہم سوال یہ ہے کہ پولیس نے ذیشان ارشد کے مبینہ مجرمانہ رجحانات سے متعلق دعوے کن شواہد کی بنیاد پر کیے اور ان شواہد کی آزادانہ تصدیق کب سامنے آئے گی؟









