12

امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز، کون بنے گا کروڑ پتی 18 کی شوٹنگ روک دی گئی

بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث مقبول بھارتی کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 84 سالہ اداکار کی ناسازیِ طبیعت کے باعث شو کی ریکارڈنگ گزشتہ ایک ہفتے سے متاثر ہے، جبکہ انتظامیہ نے نئی اقساط کی شوٹنگ فی الحال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شو کی نئی اقساط کی جگہ دیوالی کی خصوصی نشریات کے طور پر پرانی اقساط دوبارہ نشر کی جا رہی ہیں، جن میں ماضی میں مختلف معروف شخصیات نے بطور مہمان شرکت کی تھی۔

شو کی آخری بڑی سلیبرٹی قسط میں اداکار رنبیر کپور، سائی پلوی اور روی دوبے شریک ہوئے تھے۔ تینوں فنکار اپنی آنے والی فلم ’رامائن‘ کی تشہیر کے لیے پروگرام میں آئے تھے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مذکورہ قسط کو فلم کی ریلیز کے موقع پر نشر کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم امیتابھ بچن کی صحت کے مسائل کے باعث نشریاتی شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی۔

رپورٹس کے مطابق امیتابھ بچن کی طبیعت میں بہتری آنے کی صورت میں آئندہ ہفتے سے شو کی ریکارڈنگ دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ امیتابھ بچن کئی برسوں سے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کر رہے ہیں اور یہ پروگرام بھارتی ٹیلی ویژن کے مقبول ترین شوز میں شمار ہوتا ہے۔