14

واٹس ایپ کا صارفین کے لیے دو نئے کارآمد فیچرز کا اعلان، واٹس ایپ استعمال نہ کرنے والوں کو بھی ایونٹس میں مدعو کرنا ممکن

میٹا کے زیرِ ملکیت مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے دو نئے اور دلچسپ فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کا اعلان کمپنی نے گزشتہ دنوں ایک بلاگ پوسٹ میں کیا ہے۔

واٹس ایپ پر صارفین پہلے ہی انفرادی اور گروپ چیٹس میں مختلف ایونٹس تخلیق کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، تاہم اب نئے فیچر کے تحت وہ ایسے ایونٹس بھی بنا سکیں گے جن کے لنکس واٹس ایپ استعمال نہ کرنے والے افراد کے ساتھ بھی شیئر کیے جا سکیں گے۔ کمپنی کے مطابق، صارفین کور فوٹو ایڈ کرنے کے بعد ایونٹ کا لنک شیئر کر سکیں گے، اور جن افراد کو یہ لنک موصول ہوگا وہ بغیر ایپ ڈاؤن لوڈ کیے تمام تفصیلات دیکھ سکیں گے۔ اس دوران صارفین کی پرائیویسی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ آپشن بھی رکھا گیا ہے کہ ایونٹ دیکھنے والے افراد کے سامنے آپ کا فون نمبر ظاہر نہ ہو بلکہ صرف ایونٹ کا ایڈریس شو ہو۔ اس فیچر کو "شیئر ایبل ایونٹ انوائیٹس" کا نام دیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی واٹس ایپ نے "ایونٹس ہوم" نامی دوسرے فیچر کا بھی اعلان کیا ہے، جو ایونٹ کے دعوت ناموں اور دیگر تفصیلات کے لیے ایک "ون اسٹاپ ہب" (one-stop hub) کے طور پر کام کرے گا، جہاں صارفین اپنی ضرورت کے مطابق کسٹم ریمائنڈرز بھی سیٹ کر سکیں گے۔ کمپنی کے مطابق ان نئے فیچرز کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جو آنے والے ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔