اڈیالہ روڈ کے علاقے گلشن آباد میں گھر سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، جہاں گھر سے خاتون کی لاش ملی۔
پولیس نے واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر احسن کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر احسن نے اپنے ابتدائی بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اتفاقیہ طور پر گولی چل گئی، جو ربیعہ احسن کو لگی۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی سامنے نہیں آئی، جبکہ واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ اور بہنیں بھی گھر میں موجود تھیں۔
پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ خاتون کی موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واقعے کی مکمل تفصیلات اور موت کے محرکات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔









