چین کے علاقے اندرونی منگولیا کے مشہور صحرا Alxa میں ایک سیاح خاتون نے پانی کی شدید کمی کا شکار ایک نوجوان اونٹ کو ابتدائی طبی امداد دے کر زندگی بچا لی۔
واقعہ 28 اپریل کو اس وقت پیش آیا جب سیاحوں کا ایک گروپ صحرائی جھیلوں اور صنوبر کے جنگلات میں مہم جوئی کے دوران ایک کمزور اونٹ کے قریب پہنچا جو ریت پر گر چکا تھا۔ گروپ کی 30 سالہ رہنما "Haier" نے فوری طور پر جانور کا معائنہ کیا اور اندازہ لگایا کہ اونٹ تقریباً 3 سال کا ہے اور پانی کی شدید کمی کے باعث بے ہوش ہو رہا ہے۔
Haier نے بوتلوں کا پانی اونٹ کو پلایا اور اس کی اکڑی ٹانگوں کو سیدھا کر کے اسے کھڑا کیا۔ سیاحوں کے مطابق خاتون کا وزن صرف 40 کلوگرام تھا مگر انہوں نے حیران کن جسمانی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
اونٹ پر ایک شناختی نمبر کندہ تھا، جس کی مدد سے سیاح اس کے مالک تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ مقامی چرواہے کا کہنا تھا کہ یہ اونٹ کئی ماہ سے لاپتہ تھا اور ریت میں بھٹکتا رہا۔
اب اونٹ کی حالت بہتر ہے اور وہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہو چکا ہے۔
