پیو ریسرچ سینٹر کے حالیہ سروے میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ امریکی عوام شادی کرنے اور والدین بننے کے لیے کس عمر کو سب سے زیادہ موزوں سمجھتے ہیں۔
سروے میں شامل 3600 بالغ افراد سے رائے لی گئی، جن میں سے آدھے یعنی 50 فیصد نے کہا کہ شادی یا بچوں کے لیے کوئی خاص "بہترین عمر" نہیں ہوتی۔ لیکن جن لوگوں نے خاص عمر کا تعین کیا، ان کی اکثریت کے مطابق 26 یا 27 سال کی عمر ان اہم فیصلوں کے لیے مناسب ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق شادی کے لیے اوسط عمر 26.5 سال، جبکہ والدین بننے کے لیے 27.3 سال سامنے آئی۔ 23 فیصد افراد نے 25 سے 29 سال کے درمیان شادی کو ترجیح دی، اور 28 فیصد نے اسی عمر کو والدین بننے کے لیے بہتر سمجھا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ دنیا کے دیگر 18 ممالک میں کیے گئے ایک الگ سروے کے مطابق، شادی اور پہلے بچے کی پیدائش کے لیے اوسط عمر 26 سال مانی گئی ہے، جس میں ترکیہ، انڈونیشیا، میکسیکو، ارجنٹینا اور دیگر ممالک شامل تھے۔