بنکاک کی ایک سڑک پر جھاڑو لگاتی ہوئی تھائی خاتون کو اندازہ نہ تھا کہ ایک ٹک ٹاک ویڈیو ان کی قسمت بدل دے گی۔ 28 سالہ نوپاجیت ’مین‘ سومبونسیٹ، جو دو بچوں کی ماں ہیں، بنکاک کی صفائی کرتے ہوئے ایک روسی فوٹوگرافر کی نظروں میں آئیں۔
فوٹوگرافر سیمیون ریزچیکوف نے ان کی چند تصاویر کھینچیں اور بعدازاں ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔ یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو مین کی سادگی میں چھپی خوبصورتی نے سب کو حیران کر دیا۔
وائرل ویڈیو کے بعد مین کو تھائی لینڈ کے مشہور میک اپ آرٹسٹ نے میک اوور کے لیے مدعو کیا، جہاں انہیں فلمی کردار کی شکل دی گئی۔ ان کی نئی تصاویر نے انہیں بطور ماڈل متعارف کرایا اور کاسمیٹک برانڈ "Browit" نے انہیں ماڈلنگ کی پیشکش کی۔
اب مین سڑکوں کی صفائی کی جگہ فیشن اور ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھ چکی ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا، "یہ سب میرے لیے ناقابلِ یقین ہے، میں اپنی پرانی زندگی سے مطمئن تھی، لیکن یہ تبدیلی میرے لیے ایک نئی شروعات ہے۔"