بیجنگ: چین میں ایک حجام کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنے استرے سے آنکھوں کے ڈیلے صاف کرسکتا ہے جس کے بعد صاف دکھائی دینے لگتا ہے۔
چینی حجام ژیونگ گاؤوو گزشتہ 40 سال سے یہ عجیب اور متنازع کام کررہے ہیں۔ وہ خود کو آنکھوں کا حجام بھی کہتے ہیں اور بقول ان کے وہ بلیڈ کے ذریعے آنکھوں کو دھوتے ہیں۔
ژیونگ کے مطابق وہ پپوٹے پیچھے کرکے آنکھوں کے سفید ڈیلے کو واضح کرتے ہیں اور دھیرے دھیرے آنکھ کو بلیڈ سے صاف کرتے ہیں اور اس عمل میں 5 منٹ لگتے ہیں۔ اس عمل کے لیے آنکھ کے بالائی اور زیریں پپوٹوں کو باری باری موڑ کر آنکھ صاف کی جاتی ہے
اس دوران جراثیم سے پاک کرنے کے لیے استرے کو آیوڈین کے محلول سے دھویا جاتا ہے۔ حجام کا دعویٰ ہے کہ وہ گزشتہ 40 برس سے یہ کام کررہا ہے جس سے اب تک کوئی نقصان نہیں ہوا اور اس عمل کے بعد لوگوں کو بہت صاف دکھائی دیتا ہے۔ لیکن وہ ایسے افراد کی آنکھ کھرچتے ہیں جن کی عمر 30 یا اس سے زائد ہوتی ہے۔
ان کے مطابق اس عمر کےلوگوں کی آنکھوں میں دھیرے دھیرے گندگی اور مٹی جمع ہوتی جاتی ہے جسے صاف کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔