11

دنیا گھومنے کے عزم کے ساتھ 66 سالہ خاتون کی حیرت انگیز سائیکل مہم

چین کی 66 سالہ ڈونگ جو نے سائیکل پر 12 ممالک کا سفر مکمل کرنے کے بعد دنیا کے مزید ممالک کی سیر کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

ڈونگ جو نے 3 براعظموں کے 12 ممالک کا دورہ کیا ہے، جن میں کمبوڈیا، فرانس اور آسٹریلیا شامل ہیں، اور اب وہ 88 مزید ممالک کی سیاحت کا ارادہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا، "میرا ہدف کم از کم 100 ممالک کا سفر کرنا ہے، کیونکہ سفر میری زندگی کا ایک بڑا شوق بن چکا ہے۔"

ڈونگ جو کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جیسے زبان کی رکاوٹ، محدود بجٹ، اور رہائش کے مسائل۔ وہ اکثر پارکس یا قبرستانوں میں رہتی ہیں یا ان لوگوں کے گھروں میں ٹھہرتی ہیں جو مہمان نواز ہوتے ہیں۔

2013 میں طلاق کے بعد ڈپریشن سے نکلنے کے لیے انہوں نے سائیکلنگ شروع کی۔ ان کے بیٹے نے انہیں ایک سائیکل تحفے میں دی، اور تبت کا پہلا سفر ان کے لیے نئی دنیا کے دروازے کھولنے کا ذریعہ بنا۔

جنوب مشرقی ایشیا کے سفر کے لیے انہوں نے ایک سال تک کلینر کے طور پر کام کیا، اور اس کے بعد سے ویتنام، کمبوڈیا، نیوزی لینڈ، میانمار اور دیگر ممالک کی سیر کی۔ اب وہ قازقستان اور متحدہ عرب امارات کے سفر کی تیاری کر رہی ہیں اور مستقبل میں مزید ممالک دیکھنے کی خواہش رکھتی ہیں۔