32

پولیس سے بچنے کے لیے چور کا حیرت انگیز اقدام، قیمتی ہیرے نگل لیے

امریکی ریاست فلوریڈا کے اورلینڈو شہر میں دلچسپ اور عجیب واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں چوری کے بعد گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزم نے 21 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے قیمتی ہیرے نگل لیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 32 سالہ جیتھن لارنس گلائیڈر نے 26 فروری کو ایک شاپنگ مال سے تقریباً 769,000 ڈالر کے ہیرے چوری کیے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کا پیچھا کیا اور کچھ دیر بعد ہی اسے دھر لیا، لیکن اس کے پاس سے کوئی ہیرے نہیں ملے۔

تفتیش کے دوران ملزم نے خود ہی اشارہ دیا کہ وہ کچھ نگل چکا ہے۔ پولیس نے ایکسرے کرایا تو معلوم ہوا کہ اس کے معدے میں کوئی چیز موجود ہے، جسے پولیس چرائے گئے ہیرے ہی سمجھ رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نگرانی کی جا رہی ہے اور جلد ہی وہ قیمتی ہیرے قدرتی طور پر باہر آ جائیں گے۔ جیتھن اس وقت پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔