اکثر ایسی خبریں سامنے آتی ہیں کہ ہوٹلوں کے کمرے میں چھپے کیمروں سے فوٹیج بنا کر لوگوں کو بلیک میل کیا جاتا ہے۔
مگر کبھی ایسا سوچا بھی نہیں ہوگا کہ اس طرح کا خوف ایک خاتون کو ہوٹل کے کمرے کے اندر خیمہ بنا کر رہنے پر مجبور کر دے گا۔
جی ہاں واقعی ایسا حیرت انگیز واقعہ چین میں سامنے آیا ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صوبہ ہینان کے شہر لوویانگ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے ہوٹل کے کمرے کے اندر اپنی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے منفرد طریقہ اختیار کیا۔
خاتون (ان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو کسی مشکل سے بچانا چاہتی تھیں۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے ایک رسی اور کپڑے کے ایک ٹکڑے کو استعمال کرکے ایک خیمہ ہوٹل بیڈ کے اوپر تیار کیا۔
خاتون کے مطابق 'میں نے ایسی متعدد رپورٹس پڑھی ہیں جن میں بتایا گیا کہ ہوٹل میں رہنے والوں کی نگرانی جاسوس کیمروں کے ذریعے کی جاتی ہے، یعنی خود کو دوسروں کی نگاہوں سے محفوظ رکھنا مشکل ہوتا ہے، ان رپورٹس نے مجھے بہت زیادہ ڈرا دیا تھا'۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ وہ سفر کے دوران اپنی پرائیویسی کو برقرار رکھنا چاہتی تھیں تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ ایک خیمہ خرید لیں جس کو ہوٹلوں میں قیام کے دوران استعمال کیا جائے۔
مگر خیمہ ہوٹلوں کے کمروں کے مقابلے میں بہت زیادہ مہنگا تھا تو انہوں نے اپنا خودساختہ خیمہ تیار کیا۔