دبئی دنیا کی بلند ترین عمارت برج الخلفیہ کا گھر ہے اور وہاں متعدد حیرت انگیز تعمیراتی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔
اب وہاں ایک ایسی بلند و بالا عمارت کی تعمیر کی جا رہی ہے جس کی چوڑائی ایک اپارٹمنٹ سے زیادہ نہیں ہوگی۔
یہ بہت زیادہ پتلی عمارت 1274 فٹ بلند ہوگی جبکہ اس کی چوڑائی محض 74 فٹ ہوگی۔
73 منزلہ اس عمارت کا نام مربع ویل رکھا گیا ہے اور اس میں 2 سے 5 بیڈرومز پر مشتمل 131 اپارٹمنٹس ہوں گے۔
یہ عمارت بہت زیادہ پتلی ہوگی / فوٹو بشکریہ RCR Arquitectes
اس عمارت کی منصوبہ بندی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کمپنی مربع نے کی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس عمارت میں متعدد آسائشات جیسے آرٹ گیلری، پرائیویٹ مووی تھیٹر، ہوٹل اور دیگر دستیاب ہوں گی۔
اس منفرد عمارت کو دبئی کے شیخ زید روڈ سے گزرنے والی نہر کے کنارے پر تعمیر کیا جائے گا اوراسپین کی کمپنی RCR Arquitectes نے اس کا ڈیزائن تیار کیا ہے۔
یہ 73 منزلہ عمارت ہوگی / فوٹو بشکریہ RCR Arquitectes
مگر اس عمارت میں تعمیر ہونے والے اپارٹمنٹ خریدنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوگی کیونکہ ان کی قیمت 49 لاکھ ڈالرز سے شروع ہوگی۔
ہر اپارٹمنٹ روایتی عرب گھر کی طرح ہوگا جس کے اندر ایک احاطہ ہوگا۔
واضح رہے کہ دبئی میں دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت کی تعمیر کا اعلان ستمبر 2024 میں کیا گیا تھا جس کی تعمیر 2028 میں مکمل ہوگی۔
دنیا میں کسی بھی شہر کے مقابلے میں دبئی میں 300 میٹرز سے بلند عمارات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
دنیا کا سب سے بڑا انفٹنی پول اور دنیا کا سب سے بڑا فلاور گارڈن بھی دبئی میں موجود ہے۔