کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی بعد اب لفٹ کا استعمال عام ہوگیا ہے لیکن اس میں کچھ چیزیں ایسی ہیں جن سے لوگ لاعلم ہیں۔
لفٹ کے استعمال کے دوران آپ نے دیکھا ہوگا کہ عام طور پر پوری لفٹ میں شیشے لگے ہوتے ہیں جہاں بہت سے لوگ سیلفیاں لینا بھی پسند کرتے ہیں۔
لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ شیشے لفٹ میں کیوں لگے ہوتے ہیں؟ کیا انہیں لفٹ کی خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے لگایا جاتا ہے؟ یہ شیشے لفٹ میں بہت خاص مقصد کیلئے لگائے جاتے ہیں جو ہم آپ کو بتائیں گے۔
ذہنی سکون
بہت سے لوگ بند، محدود جگہوں جیسے لفٹوں میں اضطراب کے احساسات کا تجربہ کرتے ہیں، اسی لیے آئینے چھوٹی لفٹ میں زیادہ جگہ کا احساس پیدا کرکے لفٹ کو بڑا بڑا محسوس کرواتے ہیں جب کہ گھٹن بھی محسوس ہونے نہیں دیتے۔
سیفٹی اور سکیورٹی
لفٹ میں موجود شیشے لوگوں کو اپنے ارد گرد کو زیادہ واضح طور پر دیکھنے کی اجازت دیتے ہیں، اس سے لوگ خود کو محفوظ محسوس کرسکتے ہیں کیونکہ وہ دوسرے مسافروں اور ممکنہ خطرات سے آگاہ ہو سکتے ہیں۔
معذور افراد کی مدد کرنا
شیشوں کی وجہ سے معذور افراد کو بھی رہنمائی میں مدد ملتی ہے، مثال کے طور پر اگر وہیل چیئر پر بیٹھے شخص کو لفٹ سے پیچھے ہٹنے کی ضرورت ہوتی ہے تو آئینے کی مدد سے بخوبی اپنا کام کرسکتا ہے۔