22

سائنسدانوں نے پہلی بار 2 افراد کی نیند کے درمیان رابطے میں کامیابی حاصل کرلی

سائنسدانوں نے ایسا سائنس فکشن خیال حقیقت بنا دیا ہے جس پر یقین کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے نیند کے دوران خوابوں کے ذریعے 2 افراد کے درمیان رابطے کو یقینی بنایا ہے۔

جی ہاں واقعی ایک امریکی کمپنی ریم اسپیس نے کامیابی سے گہری نیند کے دوران خوابوں میں گم 2 افراد کے درمیان رابطے کو یقینی بنانے میں کامیابی حاصل کی۔

یہ دونوں افراد نیند کے دوران ایسی حالت میں تھے جب انسان کو علم ہوتا ہے کہ وہ خواب دیکھ رہا ہے اور وہ کچھ حصوں کو کنٹرول کرنے کے قابل بھی ہو جاتا ہے۔

نیند کی اس حالت میں ہمارے خواب زیادہ واضح ہوتے ہیں اور اس تجربے میں ایسے 2 افراد کو شامل کیا گیا تھا جو اس طرح کے خواب دیکھنے کے عادی تھے۔

آسان الفاظ میں ان دونوں کو نیند کے دوران یہ شعور ہوتا تھا کہ وہ خواب دیکھ رہے ہیں۔

24 ستمبر کو کمپنی کی جانب سے یہ تجربہ کیا گیا اور دونوں افراد کی دماغی سرگرمیوں اور نیند کو رئیل ٹائم میں ٹریک کرنے کے لیے خصوصی آلات پہنائے گئے۔

اس ڈیٹا کو ایک سسٹم کو منتقل کیا گیا تاکہ ان کے خوابوں کو مانیٹر کیا جاسکے۔

جب پہلا فرد خواب دیکھنے لگا تو اس سسٹم نے دماغی سرگرمیوں سے اسے شناخت کرلیا اور پھر ایک لفظ خواب دیکھنے والے کو بھیجا۔

اس تجربے کے لیے یہ لفظ خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا اور یہ ایک ائیرفون کے ذریعے اسے خواب دیکھنے والے کو منتقل کیا گیا۔

جب خواب کے دوران اس فرد نے یہ لفظ سنا تو اس نے اسے بلند آواز سے دہرایا اور سنسرز نے بولے جانے والے لفظ کو سسٹم کو واپس بھیجا۔

اس کے چند منٹ بعد دوسرا فرد خواب دیکھنے لگا اور دماغی سرگرمیوں کے دیکھنے کے بعد پہلے فرد کی جانب سے بھیجے جانے والے لفظ کو ائیرفون کے ذریعے بھیجا گیا۔

اس فرد نے بھی لفظ کو سن کر اسے بلند آواز میں دہرایا اور بیدار ہونے کے بعد اس نے خواب میں لفظ سننے کی تصدیق کی۔

اس طرح سائنسدانوں نے 2 افراد کے درمیان خوابوں میں رابطے کا کامیاب تجربہ کیا۔

کمپنی کے مطابق اس طرح کی ٹیکنالوجی بتدریج بہتر ہوگی اور اس سے دماغی امراض کا علاج کرنے میں مدد ملے گی یا لوگ نئی صلاحیتیں سیکھ سکیں گے۔