17

'بھائی نہیں کہنا اور دروازہ آہستہ بند کریں'، ٹیکسی ڈرائیور نے مسافروں کیلئے 6 اُصول وضع کردیے

اکثر و بیشتر مسافروں کا وین اور ٹیکسی ڈرائیور سے دروازہ بند کرنے یا گاڑی تیز چلانے پر بحث و مباحثہ ہوجاتا ہے اور کچھ مسافر ڈرائیور سے بدتمیزی بھی کرتے ہیں۔

اسی رویے کو پیش نظر رکھتے ہوئے بھارت کے ایک کیب ڈرائیور نے اپنی ٹیکسی میں بیٹھنے کے لیے مسافروں کے لیے کچھ اصول وضع کردیے اور انہیں لکھ کر سیٹ کے پیچھے لگادیا تاکہ پیچھے بیٹھنے والا اسے باآسانی پڑھ سکے۔

ریڈاٹ پر ایک صارف کی جانب سے یہ دلچسپ تصویر شیئر کی گئی جو سوشل میڈیا پر کچھ ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئی۔

آئیے ان اصولوں پر نظر ڈالتے ہیں:

بھائی نہیں کہنا اور دروازہ آہستہ بند کریں، ٹیکسی ڈرائیور نے مسافروں کیلئے 6 اُصول وضع کردیے

فوٹو: اسکرین شاٹ

 

پہلا اصول کیب ڈرائیور نے لکھا کہ 'آپ اس ٹیکسی کے مالک نہیں ہیں'، دوسرے پوائنٹ میں لکھا گیا 'جو شخص یہ گاڑی چلا رہا ہے، وہی اس کا مالک بھی ہے'۔

تیسرے اصول میں درج تھا کہ 'آرام اور تہذیب سے بات کریں اور عزت لیں'، چوتھے میں کہا گیا 'دروازہ آہستہ بند کریں'۔

پانچویں پوائنٹ میں تھا کہ 'اپنا برا یا حاکمانہ رویہ اپنی جیب میں رکھیں کیونکہ آپ ہمیں اضافی پیسے نہیں دے رہے'۔

آخری اصول کافی دلچسپ تھا جس میں لکھا گیا تھا کہ 'ہمیں بھائی کہہ کر نہ پکارا جائے'۔

ان اصولوں کی فہرست کے آخر میں ایک اضافی نوٹ تھا جس میں لکھا تھا کہ 'گاڑی تیز چلانے کا نہ کہا جائے، ہمیشہ وقت پر جائیں'۔