4

کرم میں قبائل کے مابین فائرنگ؛ 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کرم: پارا چنار میں اپرکرم ڈویژن کے علاقے میں قبائل کے درمیان فائرنگ میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کنج علیزئی کے پہاڑی علاقے میں پیش آیا، جہاں شنگک سے تعلق رکھنے والے شکاریوں پر مقبل قبائل نے فائرنگ کردی، جس میں 11 افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 5 دیگر زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کا واقعہ پہاڑوں اور قریبی روڈ پر پیش آیا، زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہونے کی وجہ سے جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

واقعے کے بعد علاقہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد و بیانات اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔

فائرنگ میں زخمی ہونے والے افرد کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو پارا چنار اسپتال پہنچا دیا گیا اور پولیس نے علاقے کو گھیر کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔